• news

زرداری کا وزیراعظم کو مشورہ بے کفن‘ دفن کرانے کی حکمت عملی ہے: محمود الرشید

  لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن اور قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا وزیراعظم کو ڈٹے رہنے کا مشورہ بے کفن، دفن کرانے کی حکمت عملی ہے۔ آصف علی زرداری کے غمگین چہرے سے لگ رہا تھا وہ اقتدار کی رخصتی پر تعزیت کر رہے ہیں، قومی اسمبلی کا بغیر ایجنڈا چلنے والا اجلاس دھاندلی پر سراپا احتجاج عوام کے خلاف دھرنا ہے۔ دھاندلی کا کینسر حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے جمہوری نظام کو موت کے منہ تک لے آیا ہے۔ عمران خان کے تاریخی دھرنا سے شفاف الیکشن کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے، 50 فیصد انتہائی غریب آبادی کو تعلیم، صحت، روزگار جیسی بنیادی سہولتیں نہ دے سکنے والی اسمبلیوں میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ غریب عوام کیلئے بھوک پیاس برداشت کرکے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسے تاریخ کا جبر کہیں یا سبق کہ جن کے خلاف نجات کی تحریکیں چلتی تھیں آج انہیں نجات دہندہ سمجھ کر انکے سامنے گڑگڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی ہے آصف علی زرداری کیلئے میٹھی ڈشیں تیار کرانے والے میاں شہباز شریف ملاقات میں خود شریک نہیں تھے۔

ای پیپر-دی نیشن