انتخابی اصلاحات میں پیشرفت کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پرسوں طلب
اسلام آباد(ثناء نیوز)انتخابی اصلاحات میں پیشرفت کیلئے پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس 26 اگست کو طلب کرلیا گیا ہے ۔پارلیمنٹ سے باہر کی سیاسی جماعتیں بھی یکم ستمبر تک کمیٹی کو تجاویز اور سفارشات دے سکتی ہیں، کمیٹی نے کام تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔کمیٹی کا یہ پانچواں اجلاس ہوگا جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائیگی ۔ پارلیمنٹ میں ماضی میںبننے والے ورکنگ پیپرز کے مسودے بھی مانگ لئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے تینوں ارکان گزشتہ دو اجلاسوں سے غیر حاضر ہیں۔ اس پانچویں اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق اجلاس کی کارروائی کے دوران قواعد و ضوابط کی منظوری سے متعلق کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی منظوری دی جائیگی۔ گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائیگی۔