اس بار فوج نہیں آئیگی‘ چلمن کے پیچھے آئینی راستہ نکالنا ہو گا: شیخ رشید
اسلام آباد (ایجنسیاں) شیخ رشید کہا ہے کہ اس بار فوج نہیں آئے گی، دو تین روز میں چلمن کے پیچھے آئینی راستہ نکالنا ہو گا۔ عمران خان کے پاس بے تحاشا نوجوان ہیں اور بے روزگار ہیں جو بجلی کا بل نہیں دے سکتے۔ مسلم لیگ ن والے ڈر رہے ہیں کہ نیا نظام آئے گا تو ان کے سارے کیسز دوبارہ کھل جائیں گے۔ جو زبان مسلم لیگ ن نے زرداری کیلئے استعمال کی وہی زبان عمران نے استعمال کی تو غلط ہو گئی۔ مسلم لیگ ن اپنے لوگوں کو جمع کرنا شروع کر دیا ہے اگر تصادم ہوا تو بہت بڑا نقصان ہو گا۔ میری اپنی الگ سیاسی پارٹی ہے لہٰذا میں اپنا استعفیٰ سپیکر کو پیر کے روز اپنی تقریرکے بعد خود پیش کروں گا۔ اسمبلی کے رول 83 کے تحت ہر ممبر کو اپنا استعفیٰ سپیکر کو خود پیش کرنا ہوتا ہے اس کے بعد سپیکر اسے منظور کرتا ہے، اب حکمرانوں کا جانا ٹھہر چکا ہے، قبر ایک ہے اور لاشیں دو ہیں۔