• news

ترقی و خوشحالی جمہوریت میں مضمر ہے‘ ملک کو فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے : شہباز شریف

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ خدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے، عوام کے مسائل کے حل اور ملک سے غربت، بیروزگاری اور مایوسی کے سائے ختم کرنے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر میں بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جا ری ہے توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے اندھیرے دور ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی جمہوریت میں مضمر ہے۔ جمہوری نظام اور جمہوری اداروں کومستحکم کر کے پاکستان کی ترقی کا سفر تیزی سے طے کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے جمہوریت کے استحکام، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور جمہوری روایات کے فروغ کے لئے موثر کردار ادا کیا ہے۔ معاشی ترقی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے راستے میں حائل رکاوٹیں عارضی ہیں۔ انشاء اللہ بہت جلد ان پر قابو پا لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس تجربہ کار اور باصلاحیت اقتصادی ٹیم موجود ہے جسکی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی اقتصادی صوررتحال اور قومی معیشت کے عشارئیے بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو عوام نے 2013 کے انتخابات میں پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اس مینڈیٹ کی لاج رکھے گی۔ گزشتہ چھ برس کے دوران صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنانا ہمارا وعدہ ہے جسے ہر حال میں پورا کریں گے۔ صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے اور ملک کو قائداعظم  کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد کے ارکان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پارٹی قیادت کی کاوشوں سے ملک کو تمام مسائل سے نجات ملے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ’’قالکو‘‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر فواد رانا کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن