عدالتی کمشن میں دھاندلی ثابت ہوئی تو نئے انتخابات کا اعلان کیا جائیگا: ایک دو روز میں قوم کو اچھی خبر ملے گی : احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا استعفیٰ کسی صورت قبول نہیں، عدالتی کمیشن کی تحقیقات کے بعد الزامات درست ثابت ہوئے تو نئے انتخابات کا اعلان کیا جائیگا۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرے گا اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو حکومت نہ صرف ختم کردی جائیگی بلکہ نئے انتخابات کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال کا حل تلاش کرنے کیلئے دونوں پارٹیوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ قوم آئندہ ایک دو روز میں جلد اچھی خبر سنے گی۔