• news

ملک گیر مظاہروں کا اعلان‘ دو شریف کردار ادا کریں تو جمہوریت بچ سکتی ہے : محمود اچکزئی

کوئٹہ(اے این این)پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین   اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ  اگرموجودہ سیاسی بحران میں دو شریف اپنا کردار ادا کریں تو جمہوریت بچ سکتی ہے ،   اگر خدانخواستہ اس بار جمہوریت کوڈی ریل کیاگیا  تو پھر ملک بھی نہیں رہے گا اس لئے  جمہوریت کے خلاف  اٹھنے والا ہاتھ توڑ دینگے۔ریڈ زون میں سیاسی پارٹیوں کے جلسے جلوس اور دھرنے بند کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے۔  انہوں نے ہم خیال جماعتوں  کے ساتھ  مل کر جمہوریت  کے دفاع کیلئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ پریس  کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محموداچکزئی  نے کہاکہ پاکستان میں پشتونوں کو برابری نہ دینے پر آج بھی تحفظات ہیں بلوچستان سے نکلنے والی گیس پنجاب میں اور خیبر پی تک ہے لیکن دو قومی صوبہ پشتون بلوچ اس کیس سے محروم ہے ۔ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف اور جمہوریت کی حمایت میں اپنی بساط کے مطابق  اچھا کام کیا اور آئندہ بھی جمہوریت کی بحالی، ملکی استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور اٹھارہ کروڑ عوام کی رائے کا احترام برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین بظاہر ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے کوئی اسے پھینک اور پھاڑ بھی سکتا ہے لیکن جس ملک نے آئین کی پاسداری کی اس نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دو جماعتوں کے زیر اہتمام اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈنڈا بردار لوگوں کواکٹھا کرکے جمہوریت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں دراصل وہ ملک کو کمزور کرنے کی پالیسی پر بضد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ڈنڈے اٹھا کر طاقت کے زور پر حکومت کو ختم کرنا اچھی بات نہیں ہے کل کوئی اور اس سے دگنی طاقت کا مظاہرہ بھی کرسکتا ہے۔ خوش قسمتی کی بات ہے کہ اس وقت ملک کی تمام جمہوری پارٹیاں جمہوریت کی بحالی اور ملکی استحکام کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔  اس وقت  صوفی محمد  اس لئے جیل میں ہیں کہ انہوں نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کو برا بھلا کہا ، اس وقت طاہر القادری اور عمران خان بھی جمہوریت اور آئین کو برابھلا کہہ رہے ہیں اور ملک کے کونے کونے سے لوگوں کو اٹھا کر پارلیمنٹ اور بیس کروڑ عوام کی رائے کا مذاق اڑا رہے ہیں۔  وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی اور جمہوری پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں اور ایسی غیر جمہوری قوتوں کے خلاف اس وقت تک جدوجہد جاری رکھیں جب تک ان قوتوں کو پیچھے دھکیلنے پر مجبور نہیں کردیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون وہ ایریا ہے جہاں پر ایوان صدر، وزیراعظم ہائوس،سپریم کورٹ  سمیت اہم حساس دفاتر موجود ہیں۔ اس وقت دونوں جماعتیں جو بضد ہیں خدانخواستہ اگر کوئی افسوسناک واقعہ ہوا تو اسے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹائون واقعہ کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں لیکن وزیراعظم اور پارلیمنٹ کی برطرفی کا مطالبہ درست نہیں بلکہ جمہوریت کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 12 مئی کو کراچی میں جو واقعہ پیش آیا وہاں درجنوں لوگ جاں بحق اور زندہ جلائے گئے  لیکن ایک ڈی سی تک کسی نے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا آج عمران خان اور طاہر القادری کا جو مطالبہ ہے وہ درست نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے  ہر شخص  کا فرض  بنتا ہے کہ وہ ملک کی بہتری، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کردار ادا کریں ورنہ جس طرح مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوا اسی طرح فیڈریشن برقرار نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت  ہماری پارٹی جمہوریت  اور پارلیمنٹ کی مضبوطی،قانون کی حکمرانی کیلئے وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے اگر کوئی اور جمہوریت کی بات کرتا ہے تو ہم اس کا ساتھ بھی دینگے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک پشتونوں کا مقروض ہے مزید ان لوگوں کو بے گھر نہ کیا جائے۔
محمود اچکزئی

ای پیپر-دی نیشن