• news

سیالکوٹ : بھارت کا جنگی جنون جاری‘ فائرنگ سے ایک پاکستانی زخمی‘ متعدد گھر تباہ

سیالکوٹ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چپراڑ، باجرہ گڑھی، چاروہ سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھی گولہ باری اور فائرنگ کی جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب  سے پاکستانی گائوں باجرہ گڑھی،آنولہ، عمرانوالی،جوئیاں اور چاروہ کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم لوگوں کی نقل مکانی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا ۔ان علاقوں میں مارٹر گولے بھاری مقدار میں پڑے ہوئے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولہ باری اور فائرنگ سے جانی و مالی نقصان کے باوجود ابھی تک حکومت کی طرف سے کسی پارلمینٹرین نے ان علا قوں کا تاحال دورہ نہیں کیا اور نہ شہید ہونے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی این پی کے مطابق بھارت کا پاکستان کے خلاف جنگی جنون جاری ہے اور اس کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے  سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈی پر بھارت کی جانب سے اتوار کی صبح بھی جڑوال سیکٹر پر  بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد شریف زخمی ہوگیا اور فائرنگ سے متعدد مکانات  تباہ ہو گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق رات گئے بھارتی سکیورٹی فورسز نے چارواہ، چپراڑ، سجیت گڑھ اور ہرپال سیکٹر میں ایک بار پھر فائرنگ کی اور بھارتی فورسز کی جانب سے مشین گن اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیالکوٹ کے قریب ورکنگ بائونڈری پر رات گئے تک دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ جای ہے اور پاک فوج کے جوان موثر انداز میں بھارتی فائرنگ کا جواب دے رہے ہیں۔ ادھر بھارت نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان رینجرز کی جانب سے مقبوضہ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر آر ایس پورہ اور آرنیا کے علاقوں کے قریب  بھارتی سرحدی سکیورٹی فورسز کی  چیک پوسٹوںکو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی فوج کے مطابق پاکستان رینجرز نے ان علاقوں میں چیک پوسٹوں اور گائوں کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے بھاری ہتھیاروں  سے فائرنگ کی ۔ فائرنگ کا سلسلہ گزشتہ شب 10بجے شروع ہوا جو اتوار کی صبح تک جاری رہا۔ اس دوران آر ایس پورہ میں بی ایس ایف کی 12اور آرنیا سیکٹر میں 13پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران 19دیہات کو بھی نشانہ  بنایا گیا۔  بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہابی ایس ایف اس فائرنگ کا موثر جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی جانب سے گزشتہ 13دنوں میں  سیز فائر کی یہ 15ویں خلاف ورزی ہے۔ بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ  نے کہا ہے  بھارتی سیکورٹی فورسزپاکستان کی جانب سے فائرنگ کا سخت جواب دے۔ 
بھارتی فائرنگ

ای پیپر-دی نیشن