• news

اسرائیلی جارحیت جاری ، غزہ میں ماں،3 بچوں سمیت مزید12 فلسطینی شہید

غزہ (آن لائن+ اے ایف پی+ ثنا نیوز+این این آئی) مغربی غزہ پر اسرائیلی حملے میں ماں اور 3 بچے، 2 موٹر سائیکل سواروں سمیت 12فلسطینی  شہید اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ حملے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نشانہ بنے جو بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل اور حماس سے کہا ہے کہ وہ مصر میں دوبارہ مذاکرات شروع کریں۔ مصری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مصر ایسی کسی بھی بات چیت میں دوبارہ ثالثی کے لئے تیار ہے۔ مصر نے فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل بھی کی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے غزہ سے اسرائیلی علاقے پر 525 راکٹ داغے گئے ہیں جن میں سے 69 دفاعی نظام نے تباہ کئے۔ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2115 ہو گئی جبکہ حماس کی جانب سے اسرائیل کی طرف راکٹ داغے جانے کے نتیجے میں 4 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری طرف مصری وزارت دفاع کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں اسرائیل اور فلسطینیوں پر ایک بار پھر زور دیا گیا ہے کہ وہ حملوں کا سلسلہ فوری طور پر روک کر مستقل جنگ بندی کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا جب تک ضروری ہوا غزہ پر حملے جاری رکھیں گے۔ ادھراسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ کے فلسطینی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام ایسے مقامات سے نکل جائیں، جہاں پر حماس کے عسکریت پسند سرگرم ہیں،غزہ میں فوجی کارروائی ستمبر تک جاری رہ سکتی ہے۔ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ان تمام مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جہاں سے حماس کے عسکریت پسند کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب ایک روز پہلے ہی غزہ میں گیارہ منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق اس رہائش گاہ میں حماس کا ایک کمانڈ سینٹر تھا۔ اس عمارت کے تباہ ہونے کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد زخمی ہوئے، جن میں 11 بچے بھی شامل تھے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق اس عمارت میں 32 خاندان آباد تھے۔ اس کے علاوہ بھی اتوار کے روز غزہ کے متعدد دیگر مقامات پر اسرائیل فضائی حملے جارے رہے۔حماس کے مالی امور کے نگران محمد الگل بھی مارے گئے۔ ان کی کار کو نشانہ  بنایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن