خون خرابہ نظر آ رہا ہے، اللہ پاکستان کو بچائے، ہماری 25 سیٹیں لے لیں: الطاف
کراچی (مانیٹرنگ نیوز) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہری بہت احتیاط کریں بڑا خون خرابہ نظر آ رہا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قربانی پاکستان کو بچا سکتی ہے۔ ہٹ دھرمی نہیں‘ طاہر القادری کے 6 نکات کی حمایت کرتا ہوں۔ طاہر القادری ریڈ زون پار نہ کریں کوئی اگر حکومت بنانے کی کوشش میں ہے تو ہم اپنی 25 نشستیں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اب ملک میں غیر آئینی اقدام ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ عوام کل صرف ضرورت کے تحت گھر سے نکلیں‘ میںآئینی انداز کا مارشل لاء دیکھ رہا ہوں، آرٹیکل 245 اور پی پی او کو کیا مارشل لاء نہیں کہتے، عوام 12 بجے کے بعد کوششیں کریں کہ گھروں پر رہیں۔ دعا کریں اللہ پاکستان کو بچا لے، میں فقیر آدمی ہوں، بہت خون خرابہ نظر آرہا ہے، احتیاط کی ضرورت ہے۔ ملک بچانے کیلئے قربانی دینے کی ضرورت ہے، ہٹ دھرمی نہیں۔ میری درخواست ہے دونوں پارٹیاں موقف میں لچک پیدا کریں، ملک بچانے کیلئے ایم کیو ایم کی 25 سیٹیں لے لیں۔ وزیراعظم کا 30 دن کیلئے جانا میری سمجھ سے بالاتر ہے، عمران کو چاہئے کہ مسئلے کا مستقل حل نکالیں۔