طاہر القادری نے خواتین، بچوں کو ڈھال بنا لیا، قانون اپنا راستہ بنائیگا: پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ قانون اندھا ہوتا ہے، جب قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے تو یہ نہیں دیکھتا کہ سامنے کون ہے۔ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتیں معاملے کا سیاسی حل چاہتی ہیں۔ یہ دو جماعتیں ایک طرف اور پورا پاکستان ایک طرف کھڑا ہے۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ شاہراہ دستور خالی کی جائے۔ یہ عدالتی حکم عوامی تحریک اور تحریک انصاف کیلئے ہے۔ طاہر القادری اور عمران خان لیگی قیادت کو جس طرح یاد کرتے ہیں لاہور ریلی اسکا فطری ردعمل ہے۔ الیکشن ٹربیونل میں 70 فیصد فیصلوں میں سے اکثر تحریک انصاف کے حق میں ہوئے ہیں۔ ٹربیونل کے فیصلوں سے ضمنی انتخابات ہوئے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ حمزہ شہباز کی تقریر جذباتی تھی، مائی کا لعل بڑا مہذب لفظ ہے۔ مائی بزرگ خاتون اور لعل پیارے بیٹے کو کہا جاتا ہے۔ عمران خان کے تمام الزامات کو عدالتی کمشن میں لے جاکر تحقیقات کرالیتے ہیں۔ عمران خان نے افتخار چودھری سے معافی مانگ لی ہے، ہم نے عمران خان کے تمام مطالبات مان لئے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے دونوں جماعتیں دھرنے ختم کر کے زندگی کو معمول پر لائیں گی۔ سراج الحق سمیت سیاسی رہنماؤں نے معاملات سلجھانے کیلئے کردار ادا کیا ہے۔ دس ہزار افراد لا کر زبردستی استعفیٰ مانگنا غیرآئینی اور جمہوریت کی نفی ہے۔ زبردستی استعفٰی مانگنے کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے محض الزام پر وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان استعفٰی نہیں دے سکتے۔ وزیراعظم نواز شریف کا استعفٰی میز پر نہیں ہے۔