محنت ، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر ملک کی قسمت بدلی جا سکتی ہے: شہباز شریف
لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے شب وروز کوشاں ہے۔ ہماری مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی، ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اور پاکستان دنیا کا عظیم ملک بنے گا۔ محنت،امانت اور دیانت کو شعار بنا لیں تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتا اور ان سنہری اصولوں کو ا پنا کر ملک و قوم کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔ ارکان اسمبلی عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے فلاح و بہبود کی سکیموں کی خود مانیٹرنگ کریں۔وہ ارکان اسمبلی کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے محنت، امانت اور دیانت کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہماری ذمہ داری ہے۔ محنت کا راستہ اپنا کر ہم بھی اس منزل پر پہنچ سکتے ہیں جہاں دنیا کی ترقی یافتہ قومیں کھڑی ہیں۔ معاشی ناہمواریوں کو ختم کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اشرافیہ کو تو تمام سہولیات دستیاب ہوں جبکہ عام آدمی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہو، اب اشرافیہ کو قربانی دینا ہوگی۔ امیر اور غریب کے درمیان تفاوت ختم کرنا ہوگا۔ آئندہ چار برس کے دوران روزگار کے 40 لاکھ مواقع پید ا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے او راس ہدف کو ہر قیمت پر حاصل کریں گے۔ شہباز شریف نے حادثے میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے نائب صدر ابوذر شیخ کے جاں بحق ہونے، بلکسر انٹرچینج پر ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے 9 سالہ پاکستانی بچے ہاشم ہادی خان کو چھٹی بین الاقوامی سکریبل چمپئن شپ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد دی ہے۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کا نوٹس لے لیا ہے۔