چین ہمارا آزمودہ دوست ہے جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے: نوازشریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہے جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے، اس نے ہماری ضروریات کی تکمیل کے لئے ہمیشہ مدد دی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو اپنی زیر صدارت ایک اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں اس ہفتہ بیجنگ میں ہونے والے کمشن کے تیسرے اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا جس میں پاکستانی وفد کے ارکان وفاقی وزیر منصوبہ بندی، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ و دیگر سینئر سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اجلاس میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور توانائی سے متعلق منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس ماہ کے اوائل میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں 10400 میگاواٹ استعداد کے بجلی کے منصوبوں کو اولین ترجیح دیئے جانے کے لئے چینی حکومت کی منظوری پر اپنی توانائی اور اقتصادی ٹیموں کی تعریف کی۔