2013ء کے انتخابات کالعدم قرار دلوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں 2013ء کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ شبیر بخاری ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں الیکشن کمشن کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا انکشاف کیا جس سے پورے انتخابات ہی مشکوک ہو گئے ہیں۔ انتخابی دھاندلی کے خلاف پورے ملک کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور اسلام آباد میں گزشتہ کئی روز سے دھرنا دے کر بیٹھے ہیں لہذا عدالت الیکشن کمشن کو حکم دے کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات کو کالعدم قرار دے کر فی الفور ملک میں نئے انتخابات کروائے جائیں۔