رینالہ، کامونکے، گوجرانوالہ ، قصور: تین خواتین نے زندگی ختم کر لی، نوجوان کا اقدام خود کشی
رینالہ خورد، کامونکے، گوجرانوالہ، قصور (نمائندگان) گھریلو جھگڑوں اور پریشانیوں سے تنگ آ کر دو شادی شدہ خواتین اور ایک لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ماں کی ڈانٹ ڈپٹ پر جواں سالہ بیٹی نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نواحی گاؤں 18ون آر اے کی جواں سالہ آسیہ بی بی نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا اسکی اپنی والدہ کیساتھ معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر اسکی والدہ نے اسکی ڈانٹ ڈپٹ کی تھی۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق ساس کے آئے روز کے جھگڑوں سے دلبرداشتہ بہو نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ محلہ فیصل ٹائون کے محمد بوٹا درزی کی والدہ سیماں بی بی اور اہلیہ عابدہ بی بی کا آئے روز آپس میں جھگڑا رہتا گذشتہ روز محمد بوٹا کے کام پرجانے کے بعدان دونوں میں پھر جھگڑا ہوا جس پر دلبرداشتہ ہوکر 40سالہ عابدہ بی بی نے زہریلی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں مقامی سول ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ طبی امدادملنے سے قبل راستہ میں ہی دم توڑ گئی۔ گوجرانوالہ میں کھیالی کے جواں سال اعجازنے گزشتہ رو زوالدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں نگل کرزندگی ختم کرنے کی کوشش کی جس میں ناکامی پراسے طبی امداددی جارہی ہے تاہم اس کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے۔ قصورسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق موضع سہارن کے میں تین بیٹیوں کی ماں نے پھندا لیکر خود کشی کر لی۔ ساجدہ زوجہ رفیق کے ہاں بیٹا نہ تھا اور صرف تین بیٹیاں تھی جسکی وجہ سے اسے اکثر میکے سے طعنے ملتے تھے جن سے دلبرداشتہ ہو کر گزشتہ روز اس نے خود کو کمرہ میں بند کر کے پھندا لے لیا۔
خودکشیاں