• news

ہائیکورٹ: مریم نواز کی چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف نوٹس جاری کرنیکی استدعا مسترد

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف درخواست میں نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے درخواست مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کے روبرو سماعت کیلئے پیش کرنے کیلئے فائل واپس چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ عدالت نے تحریک انصاف کے زبیر نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت شروع کی تو انکے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو غیرشفاف طریقے سے یوتھ لون سکیم کا چیئرپرسن لگایا گیا ہے جس کا کوئی اخبار اشتہار بھی نہیں دیا گیا، خواجہ آصف کیس اور انیتا تراب کیس میںسپریم کورٹ یہ واضح کر چکی ہے کہ ایسے تمام عہدوں پر تعیناتیاں کمشن کے ذریعے اور شفاف طریقے سے کی جائیں گی، عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے دونوں فیصلے تو سرکاری ملازمین سے متعلق ہیں لیکن مریم نواز تو سرکاری ملازم نہیں ہیں، اس نکتے پر آپ کیا کہیں گے جس پر وکیل نے کہا کہ چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کی تعیناتی بھی انہیں فیصلوں کے روشنی میں ہونی چاہئے، عدالت نے قرار دیا کہ چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کا عہدہ سیاسی عہدہ ہے، جس کیلئے کوئی قواعد و ضوابط واضح نہیں ہیں، یہ وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، عدالت نے وکیل سے کہا کہ یوتھ لون سکیم کے قواعد وضوابط اور متعلقہ قوانین لے کر آئیں ورنہ عدالت اس درخواست کو خارج کر دے گی جس پر وکیل نے کہا کہ اسی نوعیت کی ایک درخواست جسٹس اعجاز الاحسن کے روبرو بھی زیر سماعت ہے جس میں نوٹس جاری ہوچکے ہیں۔
استدعا مسترد

ای پیپر-دی نیشن