ملک کو نقصان سے بچانے کیلئے دھرنے ختم کئے جائیں : علما، فحاشی کیخلاف متفقہ فتویٰ
اسلام آباد (آن لائن) موجودہ حالات میں دھرنوں سے ملک کا شدید نقصان اور خانہ جنگی کے حالات پیدا ہورہے ہیں، طاہر القادری اور عمران خان پاکستان کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے دھرنے ختم کردیں۔ ملک سول نافرمانی کی تحریک کا متحمل نہیں ہوسکتا اسے مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان نفاذ اسلام کیلئے وجود میں آیا لہذا وطن عزیز میں فوزو فلاح دارین کا ضامن نظام مصطفیﷺ ونظام خلافت راشدہ نافذ کیا جائے۔ نوازشریف سیاست پاکستان میں کرتے ہیں جائیداد اور کاروبار بھی یہاں منتقل کریں۔ یہ مطالبہ عالمی تنظیم اہلسنت کے سربراہ پیر محمد افضل قادری و دیگر علماء و مشائخ نے پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر متفقہ فتویٰ جاری کیا گیا کہ اسلامی معاشرے میں آزادی و انقلاب یا کسی بھی نام پر نوجوان لڑکے لڑکیوں کا اختلاط، ناچ گانا، فحاشی سخت ناجائز غیر شرعی اور قہر الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ لہذا ’’ایاک نعبد‘‘ کا خطبہ، اسلامی فلاحی ریاست کا دعویٰ کرنے والے اور مصطفوی انقلاب کا نعرہ لگانے والے، نوجوان لڑکے لڑکیوں کے اختلاط، ناچ گانے اور فحاشی سے اجتناب کریں اور شریعت اسلامیہ کی دھجیاں مت بکھیریں۔اس موقع پر علامہ فیروز الدین، صاحبزادہ ضیاء اللہ رضوی، مولانا حنیف طاہر، پیر سید عبدالغفار، پیر سرور شاہ موسوی، پیر زادہ نثار المصطفیٰ ، مولانا احمد سعید قریشی، مفتی عابد حسین، قاضی مشتاق احمد، ناصر ساقی، صاحبزادہ زبیر، مولانا طالب اعوان، مولانا اسحاق نورانی، محمد حسین عاصم، صاحبزادہ اجمل چشتی، مولانا مختار سعیدی، شبیر ساہی، خالد قادری ودیگر علما مشائخ اور سنی رہنمائوں ہمراہ تھے۔
فتویٰ