• news

کراچی میں پولیس مقابلہ، بسوں میں لوٹ مار کرنیوالے 6 طالبان ہلاک

کراچی (آن لائن+ کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے سپرہائی وے کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں خواتین سے زیادتی اور بسوں میں لوٹ مار کرنے والے تحریک طالبان پاکستان کے6 کارندے مارے گئے، پولیس نے ہلاک ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ تھانے کی حدود سپر ہائی وے پر واقع گنا منڈی کے عقب کے گودام میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پیر کی صبح ملیر پولیس نے کارروائی کی تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور دستی بم سے حملہ کیا۔ مبینہ پولیس مقابلے میں جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 6 ملزم ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت طاہر، خداداد، نسیم اللہ، ولی محمد، سلیم اور عبدالمنان کے ناموں سے ہوئی۔ ایس ایس پی رائو انوار کے مطابق ملزمان سپر ہائی وے پر انٹر سٹی بسوں کو لوٹا کرتے تھے اور خواتین سے زیادتی کیا کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد اندرون سندھ کچے کے علاقے میں بھی منتقل کردیا کرتے تھے جہاں سے وہ بھاری تاوان وصول کرکے شہریوں کو رہا کرتے۔ دریں اثناء بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس سے اس میں سوار کلیم اللہ، جو تاجر تھا، جاں بحق ہوگیا۔ ادھر ملیر کی جام کھنڈا سے 25 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی۔ مقتول کی شناخت حارث رفیق کے نام سے ہوئی۔ میمن گوٹھ کے علاقے جام کنڈو میں فائرنگ سے 20 سالہ عارف رفیق جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن