• news

وزیراعظم کا استعفیٰ مانگنا غیر آئینی نہیں، عمران خان تحریک عدم اعتماد لائیں: اسفند یار

پشاور (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ میں مانتا ہوں کہ وزیراعظم کو ہٹانے کا مطالبہ غیر آئینی نہیں مگر بندوق کی نوک پر استعفیٰ مانگنا غیر آئینی ہے۔ وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے۔ عمران بھی ایسے اقدامات کریں۔ گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم کے استعفے کے سوا تحریک انصاف کے 5 مطالبات مان لئے ہیں، اب دھرنے کا کیا جواز ہے، اس لئے ملک کا نقصان مت کرو اور دھرنے ختم کردو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی طور پر شہید ہونا چاہتے ہیں مگر ہم انہیں شہید ہونے نہیں دینگے۔ اسفند یار نے کہا کہ اے این پی حکومت یا نوازشریف نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے ساتھ چل رہی ہے اور آئندہ بھی ہم چلتے رہیں گے۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے اسلام آباد میں ڈرامہ رچایا ہوا ہے۔ عمران خان روز دھرنے میں نئے نئے اعلانات کرتے ہیں۔ کبھی سول نافرمانی کبھی بیرون ملک سے رقوم ہنڈی کے ذریعے بھجوانے اور بنک اکائونٹس خالی کرنے کا کہتے ہیں۔ اس سے حکومت سے ملک کو نقصان ہوگا۔ دھرنوں کی وجہ سے غیر ملکی سربراہوں نے دورے منسوخ کردیئے۔ سٹاک ایکسچینج کے کاروبار کہاں پر آگئے۔ روپے کی قدر کم ہوچکی۔ انہوں نے کہا کہ جس رات پشاور میں بارش سے جاں بحق افراد کے جنازے اٹھائے جارہے تھے ہمارے صوبے کا وزیراعلیٰ اسلام آباد میں سٹیج پر ڈانس کررہا تھا۔ انہوں نے کہا پنجاب کے 4 حلقوں پر خیبر پی کے کو کیوں یرغمال بنایا جارہا ہے اگر کوئی شخص پشاور میں 90 ہزار ووٹ لے تو ٹھیک پنجاب میں 80 ہزار ووٹ لے لئے تو یہ دھاندلی کیسے ہوگئی۔ اسفند یار نے کہا کہ محمود اچکزئی نے آئین اور پارلیمنٹ بچانے کے لئے کوئی کال دی تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔
اسفند یار

ای پیپر-دی نیشن