وفاقی حکومت نے الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل پر غور شروع کر دیا ماہرین کو قانونی سفارشات مرتب کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(اے این این )وفاقی حکومت نے الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل پرغور شروع کردیا ، اس حوالے سے قانونی ماہرین کوکہا گیا ہے کہ فوری طور پر قانونی سفارشات مرتب کی جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے موجودہ الیکشن کمشن پربڑھتے ہوئے اعتراضات کے بعد حکومتی مذاکراتی ٹیم اورسیاسی رابطہ کاروں نے اعلی حکومتی شخصیت کوکہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضروری ہے کہ الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل کے لئے قانون سازی کی جائے،جس کے لئے حکومتی شخصیت نے گرین سگنل دے دیا اوروفاقی حکومت نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت جاری کردی ہیں۔ قانونی ٹیم نے اس حوالے سے مشاورت شروع کردی اور سفارشات تیار کرکے ڈرافٹ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا، بعدازاں تمام پارلیمانی جماعتوں کی رائے اور سفارشات کی روشنی میں الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کرکے نئی آئینی ترمیم کی جائے گی۔ آئینی ترمیم کے ذریعے نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے انتخاب اور انتظامی معاملات کے موجودہ طریقہ کار کو تبدیل کیا جائے گا ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیاسی رابطہ کار نے وزیراعظم کا اہم پیغام جماعت اسلامی اور ایم کیوایم کی قیادت تک پہنچادیا ہے اوراس پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری سے رابطہ کرکے کہیں کہ حکومتی ٹیم فائنل مذاکرات کے لئے تیار ہے تاکہ بحران کو سیاسی انداز میں حل کیا جائے۔
الیکشن کمشن تشکیل نو