آسٹریلیا کے ساتھ پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے: صدر ممنون حسین
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور عوام و اعلیٰ سطح کے دوطرفہ رابطوں کو باقاعدہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں آسٹریلیا کے لئے پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر نائلہ چوہان سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نامزد ہائی کمشنر کی تعیناتی کی مدت کے دوران آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے کثیر الجہتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے نامزد ہائی کمشنر سے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان آسٹریلیا کے ترقیاتی پروگرام کی توسیع کے ساتھ ساتھ تعاون کے نئے شعبوں پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے۔ نامزد ہائی کمشنر نے اپنے اوپر اعتماد کے اظہار پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ آسٹریلیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے لئے اقدامات کریں گے۔