شہدا فائونڈیشن کی آزادی مارچ اور دھرنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف شہداء فائونڈیشن اسلام آباد کی جانب سے درخواست دائر کردی گئی ہے، کیس کی باقاعدہ سماعت آج منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ کرے گا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزادی مارچ کے نام پر پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے فحاشی اور عریانی پھیلا رہی ہے اور وہاں پر منشیات کے اڈے بھی قائم ہوچکے ہیں۔ محمد طارق اسد ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں سیکرٹری وزارت اطلاعات ، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کے چیئرمین ،مختلف ٹی وی چینلز کے سی ای اوز، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین، کے ٹی این ٹی وی چینل اسلام آباد کے بیورو چیف کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوری نوٹس لیکر ان تمام ٹی وی چینلز جو پاکستان تحریک آزادی کے دھرنے کے باقاعدہ نشریات دکھا رہے ہیں، ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔