لیبیا سے 5700 پاکستانیوں کو لانے کیلئے 40 کروڑ جاری کرنے کی منظوری دیدی : اسحاق ڈار
اسلام آباد(آن لائن ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت کے بعد لیبیا میں پھنسے ہوئے 5700 پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے وہاں موجود پاکستانی سفارتخانہ کو فوری طور پر 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔اس حوالے سے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے خصو صی معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے اجلاس کے شرکاء کو مطلع کیا کہ لیبیا اس وقت خانہ جنگی کی صورتحال سے دوچار ہے اور ملک کے مختلف حصے مختلف وار لارڈز اور ملیشیاء کے مسلح افراد کے زیر انتظام ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی نے بتایا 28 اگست سے جاری حج پروازوں کے باعث پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کیلئے لیبیا میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے مناسب طیارے مختص کرنا ناممکن ہے۔