عمران نے الزامات کی نفی کی اب پھر وہی باتیں کر رہے ہیں: افتخار چوہدری
اسلام آباد (آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے ہتک عزت کے دعوے پر عمران خان کا جواب مل چکا ہے جس کا ہمارے وکلاء جائزہ لے رہے ہیں لیکن اس جواب کے بعد وہ جو باتیں کر رہے ہیں اس سے انکے جواب کی نفی ہوتی ہے۔ مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری نے کہا میں نے جان بوجھ کر یہ جواب میڈیا کو دیا ہے کیونکہ وہ جو کچھ کہتے رہے ہیں انہوں نے اپنے جواب میں اسکی نفی کی ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔انہوں نے جواب میں جو باتیں کی ہیں انکی پھر نفی کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں عدلیہ کو کردار ادا کرنا چاہئے اور وہ ٹھیک کردار ادا کر رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کی طرف سے لگائے الزامات پر سابق چیف جسٹس نے کہا میں اتنا نیچے نہیں گرسکتا۔ثناء نیوز کے مطابق افتخار چوہدری نے کہا عمران خان کے تمام الزامات جھوٹے لغو اور بے بنیاد ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا عمران خان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، الیکشن میں دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ افضل خان جیسے شخص کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، وکلا عمران خان کے جواب کا جائزہ لے رہے ہیں، تمام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اتنا نیچے نہیں گر سکتا کہ افضل خان جیسے شخص کے بیان کا جواب دوں۔ عمران نے خود اپنے جواب میں الزامات کی نفی کی ہے۔ عمران اپنا موقف دہرائیں گے تو مزید کارروائی پر مشاورت ہو گی، عمران کی معافی کے بعد مزید کارروائی کا جواز نہیں بنتا نوٹس کے جواب سے حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔