اسلام آباد میں دھرنوں سے دنیا کے اہم ممالک تشویش کا شکار
اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)اسلام آباد میں جاری دو دھرنوں نے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں پاکستان کے بارے میں تشویش پیدا کر رکھی ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور بعض دیگر ملکوں کے بعد ایران نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے اس بحران کا پرامن حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک مستند سفارتی ذریعہ کے مطابق تہران پاکستان کی سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے کیونکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے ابتدائی ایام کی سرد مہری کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان گرمجوشی پیدا ہوئی اور وزیر اعظم نواز شریف نے نہ صرف تہران کا دورہ کیا بلکہ باور کیا جاتا ہے انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی بھی کوششیں کیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے پریس برینفگز کے دوران کئی بار کہا پاکستان کی سیاسی صورتحال کو ’’تشویشناک‘‘ نہیں کہا جا سکتا لیکن اس ذریعہ کے مطابق درون خانہ اوباما انتظامیہ سیاسی بحران کی طوالت پر اضطراب کا شکا ر ہے۔ دوست عرب ملکوں، بطور خاص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے ابھی تک کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ ترکی نے بھی اس معاملہ میں سکوت اختیار کر رکھا ہے۔