• news

عوام کو خوشخبری دیتا ہوں، سیاسی دنگل جلد ختم ہوجائیگا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف، عمران خان اور طاہر القادری تینوں ملکر مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔ ہم تینوں کو سو سو نمبر دینے میں بُخل سے کام نہیں لیں گے۔ ہم تو چاہتے ہیں قوم صبح اٹھے تو ٹی وی پر یہ خوشخبری سنے کہ بحران کا خوش اسلوبی سے حل تلاش کر لیا گیا ہے۔ عوام کو اس جدوجہد کا ثمر ملنا چاہئے۔ دھرنوں کے دوران اسٹیبلشمنٹ کا غیرجانبدارانہ کردار قابل تحسین ہے۔ عدلیہ، فوج اور پولیس نے دھرنوں کے دوران کسی طرح کی مداخلت نہ کرکے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ میں پاکستان میں بہت جلد اسلامی حکومت کا قیام دیکھ رہا ہوں ، مجھے تو نظر آرہا ہے کہ اب وہ دور بہت جلد آنیوالا ہے جب امریکہ اور برطانیہ بھی قرآن پاک کی روشنی سے منور ہوں گے۔ ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرانے، عراق اور افغانستان میں لاکھوں انسانوں کا قتل عام کرنے والے ظلم و جبر سے دنیا پر اپنا نظام مسلط کر نے میں ناکام رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام جماعت اسلامی کے 74 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ تقریب سے حمید گل، لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، نذیر جنجوعہ اور میاں مقصود  نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر  کا ریکارڈ پیغام حاضرین کو سنایا گیا۔ سراج الحق نے کہا میری انتہائی کوشش رہی آئین کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو اور قومی قیادت ملکر مسئلے کا پرامن حل تلاش کرے۔ ہم مارچ کرنے والوں کو کامیاب اور فتح مند دیکھنا چاہتے ہیں البتہ ہم نہیںچاہتے آئین کا خاتمہ ہو اور ملک میں لولی لنگڑی جمہوریت کی بساط لپیٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا حکومت اور مارچوں کی قیادت میں سے جو پیچھے ہٹے گا قوم اسکی زیادہ عزت کریگی۔ عوامی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ماضی کی نام نہاد جمہوریت اور فوجی حکومتوں نے اپنے وعدوں کا پاس نہیں کیا جس کی وجہ سے پاکستان گھمبیر مسائل سے دوچار ہے۔  پاکستان کو  فلاحی اور اسلامی ریاست صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا جماعت اسلامی نے آئین کی بالادستی اور نظام کی تبدیلی کے لیے وہی راستہ اختیار کیا ہے جس کی اجازت آئین دیتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے پیغام میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو 74ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حمید گل نے کہا جس دل میں اسلام اور پاکستان سے محبت ہوگی اس دل میں جماعت اسلامی ضرور ہوگی۔ مقصود احمد نے کہا جماعت اسلامی ایک داعی جماعت ہے جسے ہر انسان کی بھلائی مقصود ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق سراج الحق نے کہا 18 کروڑ عوام کو خوشخبری دیتا ہوں اسلام آباد میں جاری سیاسی دنگل جلد ختم ہوجائیگا اور بحران کا ایسا سیاسی حل نکلے گا جو تینوںفریقین  کو قبول ہوگا۔ انہوں نے ملٹری سول اسٹیبلشمنٹ اور اعلی عدلیہ کے غیر جانبدار رہنے اور انکے کردار کو سراہا اور مشورہ دیا وہ آئندہ بھی غیرجانبدار ہی رہیں۔ انہوں نے کہا مستقبل اب جماعت اسلامی کا ہے، جو جتنلی جلد شامل ہوگا فائدے میں رہیگا۔ میں نے مولانا مودودی کو نہیں دیکھا، جب انہوں نے وفات پائی میں باجوڑ میں تھا اور کرایہ نہ ہونے کے باعث انکے جنازہ میں شریک نہیں ہوسکا۔

ای پیپر-دی نیشن