مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہیں‘ امریکہ پاکستان میں ڈرون حملوں سے گریز کرے: چین
بیجنگ(آن لائن)چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ امریکہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے ڈرون حملوں سے گریز کرے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کو بہتر بنانے کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہے لیکن اس سلسلے میں یکطرفہ طور پر کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ برصغیر میں اگر امن کے بارے میں سوچنا ہے تو اس کے لئے لازمی ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کو ایڈریس کریں اور اس کے لئے دونوں ممالک پاکستان اور بھارت کو آپس میں بات کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ٹھوس اور نتیجہ خیز مذاکرات کا چین حامی ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کومدد دینے کے لئے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حالات کو ڈگر پر رکھنے کے لئے دونوں ممالک کو فوری طور پر مسئلہ کشمیر پر بڑی پیش رفت کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ چین کا کشمیر پر موقف اٹل ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی تاہم انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوستی کو پائیدار بنیادوں پر برقرار رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا روایتی دوست ملک ہے اور کسی بھی برے وقت میں چین پاکستان کا ساتھ دیگا۔