• news

قوم 99ء کی طرح آج بھی فوج کی طرف دیکھ رہی ہے: مشرف

کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے این آر او میری بہت بڑی غلطی تھی پاک فوج کے ہوتے ہوئے کوئی مائی کا لال پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،کسی نے ایسی حرکت کی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں، پاک فوج ملک کو ٹوٹنے نہیں دے گی، امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو پاکستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کی ضرورت نہیں، پاکستانی اپنے مسائل خود حل کرنا جانتے ہیں، ملک کی موجودہ صورتحال پر قوم پریشان ہے، اسے پرامن طریقہ سے حل ہونا چاہئے، اب ملک میں الیکشن کا وقت نہیں، عوام کا نکلنا ہی اصل جمہوریت ہے، وفاق کو مضبوط کرنے کیلئے نئے صوبے بنانا ضروری ہے، 2007ء میں افتخار چودھری کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی گئی، افضل خان کے بیان سے افتخار چودھری کا کردار واضح ہو گیا، 2007ء کے بعد پاکستان کی ترقی رک گئی، پاکستان میں کوئی بھی فرشتہ نہیں سب میں کرپشن موجود ہے، اوپر والا ٹھیک ہو گا تو اس کا اثر نیچے تک جائے گا اس کے بغیر یہ کرپشن ختم نہیں ہو سکتی، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کے بعد حکومتی ریلیوں سے تصادم اور فرقہ واریت کا خطرہ ہے، ایف سی کو اسلام آباد میں لگا کر لسانی رنگ دیا گیا ہے، قوم 1999ء میں بھی آرمی کی طرف دیکھ رہی تھی اور آج بھی آرمی کی طرف ہی دیکھ رہی ہے، چیف آف آرمی سٹاف سمیت پوری فوج موجودہ صورتحال کو دیکھ رہی ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا اب ملک میں ہر طرف سیاسی باتیں ہو رہی ہیں، میں قادری صاحب کے وژن کی تائید کرتا ہوں، پاکستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور تبدیلی آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا عمران خان پہلے صرف انتخابی دھاندلی کی بات کرتے تھے، اب ری الیکشن کا کہہ رہے ہیں لیکن اب میری نظر میں دوبارہ الیکشن نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ اس سے پہلے سسٹم میں تبدیلی آنی چاہیے، اداروں کی تشکیل نو ہو اور پھر الیکشن ہو، عمران خان کے دھاندلی کے الزامات درست ہیں۔ آن لائن  کے مطابق انہوں نے کہا چاہتا تھا عوام شریف برادران کی کرپشن اور اقرباء پروری کو خود دیکھیں، طاہرالقادری تبدیلی چاہتے ہیں اور جب تک تبدیلی نہیں آئے گی ملک میں جمہوریت نہیں آئے گی، پہلے تبدیلی پھر انتخابات ہونے چاہئیں، اسلام آباد میں جاری دونوں دھرنے جمہوری ہیں لوگوں کو انصاف نہ ملے توکہاں جائیں وہ سڑکوں پرہی آئیں گے۔ افتخار چودھری نے پاکستان کو کروڑوں ڈالر نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا دھرنے میں مجمع بڑا ہے، 5، 10 ہزار کہنے والے اپنے آپ کو بے وقوف نہ بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن