وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات‘ سیاسی بحران جلد حل کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + آن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں موجودہ سیاسی بحران جلد سے جلد قومی مفاد میں حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات میں سکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معتبر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ ملاقات میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور لائن آف کنٹرول اور بھارت کے ساتھ سرحد پر فائرنگ کے واقعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف نے دھرنوں کے بعد ملک بھر میں ریلیوں کے حوالے سے فوج کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ وزیراعظم کے پریس آفس نے کہا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دھرنوں کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس معاملہ کو قومی مفاد میں جلد حل کرنے پر اتفاق کیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ ملاقات گذشتہ دنوں میں حکومتی عہدیداروں اور فوجی حکام میں ملاقاتوں کا تسلسل ہے۔ ملاقات میں صورتحال کی سنگینی پر بات ہوئی اور تبادلہ خیال کیا گیا کہ دھرنوں سے کسی طرح سے ڈیل کیا جائے تاکہ کوئی تشدد کی صورتحال پیدا نہ ہو تاہم عسکری ذرائع کے مطابق موجودہ حالات میں کوئی فریق یہ نہیں چاہتا کہ صورتحال مزید خراب ہو۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت مسئلہ آئین اور قانون کے تحت حل کرنا چاہتی ہے۔ ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کی گئی۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دھرنوں کی کال دینے کے بعد جنرل راحیل شریف کی وزیراعظم سے یہ تیسری ملاقات ہے۔