ہاکی کے روشن مستقبل کیلئے حکومت کی طرف سے فوری گرانٹ ضروری ہے : رانا مجاہد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپئن رانا مجاہد نے کہا کہ قومی کھیل کے روشن مستقبل کے لئے حکومتی گرانٹ کا جلد سے جلد اجرا ضروری ہے۔ پاکستان ٹیم نے اگلے ماہ کوریا میں ایشین گیمز کے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے جس کی تیاری کے لئے ٹیم مینجمنٹ کو فری ہینڈ دے رکھا ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنی مستقبل کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی سرگرمیوں کے حوالے سے پلان تیار کر کے حکومت پاکستان کو جمع کرا دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فیڈریشن کو جلد از جلد حکومتی گرانٹ ملے کیونکہ اس کے بغیر کوئی کام ممکن نہیں ہے۔ ایشین گیمز میں شرکت سے قبل قومی ٹیم کو انٹرنیشنل میچز مہیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں سپین کا دورہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اگر یہ ممکن نہ ہوا تو کسی دوسرے ملک کے خلاف باہمی سیریز کے لئے کوشش کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیریز فیڈریشن کی حد تک فائنل ہے تاہم یہ حکومتی سطح پر جب تک گرین سگنل نہیں ملتا ممکن نہیں ہے۔ رانا مجاہد نے کہا کہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے ہاکی فیڈریشن کے فنڈز کے حوالے سے سمری تیار کر کے وزیر اعظم پاکستان کو بھجوا رکھی ہے۔