• news

خواجہ ندیم لاہور کرکٹ ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ صدر، میاں مبین خزانچی منتخب

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور ریجن/سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم اور خزانچی میاں مبین کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ لاہور ریجن کے انتخابات گذشتہ روز ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کی زیر نگرانی قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوئے۔ اس موقع پر لاہور ریجن کے تینوں زونز کے تمام 34   نمائندوں نے شرکت کی۔ صدارتی امیدوار خواجہ ندیم احمد اور خزانچی کی نشست  کے لئے امیدوار میاں محمد مبین کے سوا  تمام امیدواروں نے  اپنے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس پر دونوں امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا جبکہ پی سی بی آئین کے مطابق ریجن کے صدر اور سیکرٹری کا ایک زون سے تعلق نہیں ہو سکتا جس کی بنا ایسٹ زون کے سیکرٹری کے شعیب ڈار کا تقرر ممکن نہیں ہوگا۔ پی سی بی کے  ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا نے بتایا کہ سیکرٹری کے لئے بھی تمام امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ لہٰذا اس نشست پر انتحاب کے لئے نئے شیڈول اور حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دریں اثناء خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ وہ لاہور میں کرکٹ کی بحالی کا دوبارہ آغاز کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں سے نئی اصلاحات کو متعارف کروائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن