لیپ ٹاپ کوچنگ نہیں کرسکتا :جاوید میانداد
کراچی(ثناء نیوز)سابق کپتان اور سٹار بیٹسمین جاوید میانداد نے کہاہے کہ میں نے ہمیشہ سٹریٹ فائٹر کے طور پر وطن کی عظمت کا دفاع کیا۔ڈینس للی میرے اچھے دوست ہیں،لیپ ٹاپ کوچنگ مجھ سے نہیں ہوتی، گراس روٹ لیول پر کرکٹ نہیں ہو گی تو میانداد اور انضمام جیسے بیٹسمین کیسے سامنے آئیں گے،عامر جیسے کرپٹ لوگوں کو ٹی وی پر ہیرو کی طرح پیش کیا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کھیلنا ہمیشہ ہی میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز رہا، جس طرح فوجی سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کا دفاع کرتے ہیں ویسا ہی میں نے پچ پر خود کو کھڑے ہوئے محسوس کیا۔ڈینس للی کے ساتھ آن دی فیلڈ اپنے مشہور جھگڑے کے بارے میں جاوید میانداد نے کہا کہ تنا کے لمحات میں اس طرح کی چیزیں ہو جاتی ہیں، ہم دونوں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے تھے۔میری ڈینس سے اب تک دوستی اور وہ میرا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ انھیں جس طرح ورلڈکپ 1992 کے ابتدائی سکواڈ میں نظرانداز کیا گیا تھا اس کا انہیں ابھی تک افسوس ہے، اسی طرح ٹیم کی قیادت کے تنازعات کو بھی فراموش نہیں کر پائے۔