فارورڈ بلاک بنا تو تحریک انصاف اور عمران کے موقف کمزور ہوجائینگے:حافظ ادریس
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) نائب امیر جماعت اسلامی حافظ ادریس نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک بنا تو عمران خان کاموقف کمزور ہوگا اورتحریک بھی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس کا کہنا تھا کہ قوم کو بحران سے نکالنے کیلئے رابطے جاری ہیں، مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں نہ کہ سڑکوں پر۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تخت یا تختے کا رویہ اپنایا ہے، سیاست میں ایسا نہیں ہوتا اگرفارورڈ بلاک بنا تو عمران خان کا موقف کمزور ہو گا اور تحریک بھی۔ حافظ ادریس کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی نہیں توڑنی چاہئے اور نہ ہی استعفے دینے چاہئیں، عمران خان کے مطالبات مناسب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وقت اورحالات کے مطابق ہے، شاہراہ دستور بند کرنے کا حق کسی کو حاصل نہیں۔ مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں سڑکوں پرنہیں۔