• news

فوج نے دہشت گردی کے خاتمے، قومی سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ کیا نہ کریگی : جنرل راحیل

کراچی (ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف  نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اور سکیورٹی فورسز  نے  ملکی دفاع‘ قومی سلامتی‘ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے  نہ تو پہلے  نہ ہی اب کسی قسم کی قربانی سے دریغ کریں گی‘ ملکی ہوائی اڈوں سمیت تمام  قومی تنصیبات کا دفاع سکیورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے‘ دہشت گردوں کے خلاف اے ایس ایف کے جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ وہ بدھ کو کراچی کور ہیڈ کوارٹر اور اے ایس ایف کے ہیڈکوارٹر کے دورہ کے دوران دی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ آرمی چیف نے اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز میں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے شہید جوانوں  کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے جانیں دینے والے اے ایس ایف کے اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں آرمی چیف کراچی  پہنچے تو اعلیٰ فوجی حکام نے  ان کا خیر مقدم کیا۔ آرمی چیف کو پیشہ وارانہ امور اور سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کور ہیڈکوارٹرز  میں  کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی اور دیگر  فوجی حکام نے انہیں تمام تر صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔  آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کراچی آمد کے موقع پر  سخت سکیورٹی انتظامات  کئے گئے تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان مزید ہم آہنگی اور رابطوں پر زور دیا۔ جنرل راحیل نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے مزید ہم آہنگی اور رابطے انتہائی ضروری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن