• news

عمران نے افتخار چودھری کو ہتک عزت کے دعویٰ کا جواب واپس لے لیا

اسلام آباد(این این آئی + نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو ہتک عزت کے دعویٰ کا دیا جانے والا جواب واپس لے لیا ہے جبکہ افتخار محمد چودھری کے وکلاء نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق بیان واپس نہیں لیا جاسکتا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سابق چیف جسٹس کے ہتک عزت کے دعویٰ کے جواب سے دستبردار ہونے کا نوٹس افتخار محمد چودھری کو بھیجا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جواب داخل کرانے سے پہلے انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا وہ اب بھی سابق چیف جسٹس کے خلاف دیئے جانے والے اپنے تمام بیان پر قائم ہیں۔ واضح رہے کہ افتخار محمد چودھری کے ہتک عزت کے نوٹس پر عمران خان کے وکلا حامد خان اور احمد اویس کی جانب سے جواب میں کہا گیا تھا کہ عمران خان سے الفاظ کے چناؤ میں غلطی ہوئی، امید کرتے ہیں آپ درگزر اور بردباری کا مظاہرہ کریں گے۔ حامد خان نے کہا ہے کہ جواب واپس لینے کا فیصلہ عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن