پاکستان میں 1800 ارب روپے سالانہ کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے: ٹرانسپرنسی
کراچی (این این آئی) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان میں سالانہ 1800 ارب روپے کی ٹیکس چوری کئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق ایف بی آرکے سینئر افسر نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے۔ رپورٹ کارروائی کے لئے وزیراعظم میاں نوازشریف، وزیر خزانہ اور نیب کو بھجوادی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس چوری میں ملوث تین لاکھ سے زائد لوگوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار افراد کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ کو رواں مالی سال نوٹسسز جاری کئے جائیں گے۔ سب سے زیادہ ٹیکس چوری فنانس اینڈ انشورنس کے شعبے میں ہو رہی ہے۔ پاکستان میں سروسز سیکٹر کی طرف سے ٹیکس کمپلائنس کی شرح بہت کم ہے اور اس میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بھاری ٹیکس شرح ملک میں ٹیکس چوری کی بڑی وجہ ہے۔