• news

لاہور : اقبال ٹائون میں موٹر سائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ‘ باپ بیٹا جاں بحق

لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون کے علاقہ میں پرانی دشمنی کی بنا پر موٹر سائیکل سوار 2 افراد نے کار پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اقبال ٹائون 56بدر بلاک کا رہا ئشی چودھری محمد ارشاد عرف پپو لیلیاں والا اپنے بیٹے17سالہ اسامہ کے ہمراہ کسی کام سے گھر سے کار میں باہر نکلا۔ نرگس بلاک  کے قریب گھات لگائے بیٹھے دو موٹرسائیکل سوار افراد نے کار پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے کار ایک گھر کے مین دروازے سے جا ٹکرائی۔ گولیاں لگنے سے ارشاد مو قع پر ہی ہلاک جبکہ اس کا بیٹا اسامہ شدید زخمی ہو گیا۔ اندھا دھند فائرنگ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بعدازاں اسامہ ہسپتال جا کر دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ اہلخانہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ پولیس کے مطا بق مقتول چودھری ارشاد قبضہ گروپ اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ اس کا آبائی علاقہ رنگ محل ہے۔ وہ چند ماہ قبل ہی اقبال ٹائون میں آکر رہائش پذیر ہوا تھا۔ پولیس نے باپ بیٹے کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کروا کر مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کا یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس کے مطابق چودھری محمد ارشاد عرف پپو لیلیاں والا کیبل نیٹ ورک کا کام بھی کرتا تھا۔
باپ بیٹا جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن