• news

نوازشریف نے میرے خلاف بھیانک کھیل کھیلا، وزیراعظم نہیں سسٹم کی حمایت کر رہے ہیں: گیلانی

اسلام آباد (آئی این پی+ ثناء نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے میرے خلاف بھیانک کھیل کھیلا، ہم نے ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کیا لیکن (ن) لیگ نے نہیں، کاش پہلے نواز شریف کو پارلیمنٹ کی افادیت کا پتہ ہوتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ جمہوریت کے حامی رہے ہیں اور اب بھی حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اب وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی لیکن کاش انہیں پارلیمنٹ کی افادیت کا پہلے پتہ ہوتا۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ اگر وزیر اعظم نے استعفی نہ دیا تو ہم ان کے خلاف تحریک چلائیں گے اگر یہ کام وہ اس وقت نہ کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا بلکہ نواز شریف نے جب میرے خلاف فیصلہ آیا تو طوفان اٹھا رکھا تھا۔ حکومت نے طاہر القادری کے معاملے پر بہت دیر کر دی ہے اب دوسرے اداروں کو نیچا دکھانے کی کوشش نہ کی جائے۔ جس پارلیمنٹ کی عزت نہ ہو وہاں میں نہیں بیٹھ سکتا۔ پی پی اپنا جمہوری کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعظم کی نہیں سسٹم کی حمایت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا  نواز شریف نے انکے دور میں گو گیلانی گو کے نعرے لگائے اور سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے نااہلیت کے فیصلے کے بعد تحریک چلانے کی دھمکی دی ہمارے خلاف لانگ مارچ کئے گئے۔ میاں شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹائون کے بعد مستعفی ہو جانا چاہئے تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے ان کے خلاف رولنگ دی۔ جمہوریت کی بالادستی کے لئے قربانی جاری رکھیں گے۔ ہم بطور اپوزیشن حکومت کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلا رہے سسٹم کو بچا رہے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی  نے کہا حکومت بند گلی  میں پھنس چکی، وزیراعظم کو جلد یا بدیر  سے عوامی رائے کو ماننا  ہی پڑے گا، ہم  آئین اور  اداروں  کا تحفظ کریں گے۔  یہ مکافات  عمل ہے  اس وقت  نواز لیگ نے جو کیا آج ان کے ساتھ ہو رہا ہے۔ نواز شریف نے آج  بھی اپنی تقریر  میں سانحہ ماڈل ٹائون کا ذکر  تک نہیں کیا۔ انتخابات کے  نتائج آئے  تو سب سے پہلے  آصف علی زرداری  نے کہا تھا یہ  آر اوز  کے انتخابات ہیں  اور آج سب یہ کہتے ہیں۔
گیلانی

ای پیپر-دی نیشن