تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے قبروں کی کھدائی شروع کر دی، کفن پہن لئے
اسلام آباد (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) شاہراہ دستور پر تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کا احتجاج جاری، کارکنوں نے قبروں کی کھدائی شروع کر دی۔ منہاج القرآن اور مختلف رفاہی تنظیموں نے دھرنے کے کارکنوں میں ناشتہ تقسیم کیا، دھرنے کی جگہ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر بھی دیکھنے میں آئے۔ کارکنوں کو سخت موسم کے ساتھ ساتھ صحت و صفائی کے مسائل کا بھی سامنا ہے، دھرنے کے شرکاء جلدی بیماریوں، گلے کے انفیکشن اور پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے قبروں کی کھدائی بھی شروع کر دی ہے اکثر کارکن کھدائی کے بعد قبروں میں لیٹ گئے۔ دریں اثناء طاہر القادری نے جو 48 گھنٹے کی ڈیڈلائن دی تھی اس کے ختم ہونے سے قبل ہی دھرنے میں شریک عوامی تحریک کے کئی کارکنوں نے کفن پہن لئے اور کفن پوش دستہ طاہر القادری کے کنٹینر کے گرد جمع رہا۔ آئی این پی کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں کفن خریدے جانے کی وجہ سے اسلام آباد میں سفید لٹھا ختم ہو گیا تاہم قبریں کھودنے کے چند گھنٹے بعد کارکنوں نے قبریں بند کر دیں۔ کئی کارکن قبروں میں لیٹ کر دیکھتے رہے۔
دھرنے