وزیراعظم کو عمران اور طاہر القادری سے براہ راست بات کرنی چاہئے: فضل الرحمٰن
اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف کو عمران خان اور علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے براہ راست بات کرنی چاہئے‘ میڈیا نے ہی ساری آگ لگا رکھی ہے اگر میڈیا 24 گھنٹے کیلئے بند ہوجائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ وہ بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ حکومت موجودہ صورتحال میں صبر کا دامن نہیں چھوڑے گی اور دھرنے کے شرکاء کیخلاف طاقت کا استعمال ہرگز نہیں کیا جائے گا اس کے باوجود یہاں جذباتی کیفیت پیدا کی جاتی ہے اور کفن لہراکر تقریریں کی جاتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے مسلسل رابطے میں ہے جبکہ عمران خان کے تقریباً تمام بنیادی مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں اس کے باوجود انہوں نے وزیراعظم کے استعفے کی ضد لگا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم کے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی ہے جبکہ پارلیمنٹ نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
فضل الرحمان