• news

بھارت کی پھر سیزفائر کی خلاف ورزی‘ گولہ باری‘ رینجرز کا بھرپور جواب‘ دشمن کی چار پوسٹیں تباہ

سیالکوٹ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) دو دن کے وقفے کے بعد بدھ اور جمعرات کی رات کو بھارتی سکیورٹی فورسز نے بجوات کے علاقہ پھوکلیان پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے جواب میں چناب رینجرز نے بھی بھرپور جواب دیا اور بھارتی فائرنگ رک گئی۔ بھارتی جارحیت کی وجہ سے سچیت گڑھ اور دیگر سرحدی علاقوں کے لوگ اپنے گاؤں چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر سیالکوٹ ندیم سرور نے سیالکوٹ کے سرحدی علاقہ میں متاثر علاقوں میں لگائے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور کہا نقصانات کی جامع رپورٹ حکومت کو بھجوائی جائیگی۔ آن لائن کے مطابق بجوات اور سچیت گڑھ سیکٹرز میں  بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے  متعدد مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ثناء نیوز کے مطابق بھارتی گولہ باری، فائرنگ سے متعدد مویشی ہلاک ہو گئے۔آئی این پی کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سکیورٹی فورسز نے رینجرز اور بی ایس یف کے درمیان فلیگ میٹنگ کے اگلے ہی روز اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو پرامن رہنے کی یقین دہانی کے باوجود دو دن کے وقفے کے بعد جمعرات کی صبح سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کی سچیت گڑھ، چاروا، معراجکے اور بجوات سیکٹروں میں بلااشتعال 2 گھنٹے تک شدید فائرنگ اور گولہ باری کی۔ اے این این کے مطابق بھارت پھر سیز فائر سے مکر گیا اور بی ایس ایف نے جمعرات کی صبح سیالکوٹ کے بجوات سیکٹر، سچیت گڑھ اور چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی اور چناب رینجرز کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی  اور دشمن کی چار سرحدی پوسٹیں تباہ کر دیں جس کے باعث دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ دوطرفہ فائرنگ میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھارت نے روایتی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی۔ بھارتی پولیس اور دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز نے جموں اکھنور سیکٹر میں بھارتی سرحدی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو گھروں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ رات ایک سے ڈیڑھ بجے پرگوال سب سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جس میں دونوں طرف سے ہلکے اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ پاکستان رینجرز اور بھارتی سکیورٹی فورس کے درمیان دوسری فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں سیزفائر کی پاسداری کرنے پر زور دیا گیا۔ جمعرات کو بھارتی اخبار کے مطابق پاکستانی رینجرز اور بھارتی سرحدی فورس کے درمیان ڈی جی ایم او کے رابطے کے بعد پرگوال سیکٹر کے بعد کمانڈنٹ سطح پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر سامبا سیکٹر پر دوسری فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں دونوں اطراف سے اس بات پر زور دیا گیا سیزفائر معاہدے کی پاسداری کی جائے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرحدی کشیدگی کم کرنے کیلئے ان میٹنگز کا سلسلہ مختلف سیکٹرز پر جاری رہے گا۔
بھارتی جنون

ای پیپر-دی نیشن