• news

چینی صدر اگلے ماہ پاکستان آئینگے، حکومت اس سے قبل دھرنے ختم کرانے کی خواہشمند

اسلام آباد(ثناء نیوز) حکومت ستمبر سے پہلے اسلام آباد میں دھرنے ختم کرانا چاہتی ہے کیونکہ چین کے صدر شی جن پینگ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، چین کے صدر کے دورے کی تاریخوں کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور چین مسلسل رابطے میں ہیں۔ صدر شی جن پینگ پاکستان کے دورے میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے چودہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ اسلام آباد میں چین کے سفیر سون وی ڈونگ نے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات میں اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں چین کے سفیر کے یہ الفاظ درج کئے گئے ہیں کہ ہم پاکستان چین اقتصادی راہداری کو باآسانی آگے بڑھتا دیکھ کر خوش ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ بیجنگ میں جاری پاکستان چین مشترکہ تعاون کی کمیٹی کا تیسرا مرحلہ آگے بڑھ رہا ہے، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں کئی بڑے منصوبوں پر چینی حکومت کی مدد سے کام کیا جائے گا۔ چین ان تعلقات کو اعلی سطح پر آگے بڑھاتا رہے گا۔ انہوں نے ایشیا انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کے بانی ممبر بنانے کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی۔ اسی دوران بیجنگ میں پاکستان چین مشترکہ تعاون کی کمیٹی کے اجلاس میں ان معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن پر چینی صدر کے دورے کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔ ان معاہدوں کے تحت چین توانائی کے چودہ منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے چار اہم منصوبوں کے لیے مالی امداد فراہم کرے گا۔ ان منصوبوں میں قراقرم ہائی وے کا دوسرا مرحلہ، گوادر بندرگاہ کے ترقیاتی کام اور لاہور کراچی موٹروے بھی شامل ہے۔ شہباز شریف نے کہا چینی صدر کے دورے میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے، نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ کراچی میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے لیے کنٹریکٹرز کا انتخاب جلد کرلیا جائے گا۔ احسن اقبال نے بتایا کہ خنجراب گوادر موٹر وے اس خطے میں وسیع اقتصادی تعاون کو نتیجہ خیز بنائے گی۔ وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ کے لیے زمین کے حصول کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
چینی صدر

ای پیپر-دی نیشن