• news

بیانات پر انتخابات کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا‘ ہائیکورٹ : وزیراعظم‘ وزیراعلی کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو کام سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مستردکر دی۔ درخواست گزار محمد شبیر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ افضل خان اور بلند اختر رانا کے الزامات کے بعد یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ وزیر اعظم جعلی مینڈیٹ سے منتخب ہوئے۔ دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت اور وزیر اعظم عوام کی درست طریقے سے نمائندگی نہیں کر سکتے۔ دھاندلی کر کے آنے والے وزیر اعظم ملک سے کرپشن اور لاقانونیت کا بھی خاتمہ نہیں کر سکتے لہذا وزیر اعظم کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ افضل خان یا کسی اور کے الزامات پر وزیر اعظم کو کس قانون کے تحت کام سے روکا جا سکتا ہے۔ ہائی کورٹ آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا کہ درخواست ناقابل سماعت ہے اس کے لیے الیکشن ٹریبونل سے ہی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے کہا کہ محض بیانات کی روشنی میں انتخابات کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن