کاش مسئلہ فوج سے حل نہ کراتے، ملک کی آزادی کا خواب ہم نے کھو دیا : جاوید ہاشمی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی آرمی چیف سے ملاقات کیلئے ساتھ نہ لے جانے اور اعتماد میں نہ لئے جانے پر عمران خان سے ناراض ہوگئے ہیں۔ عمران خان اپنے ارب پتی دوست جہانگیر ترین کو آرمی چیف سے ملاقات کیلئے ساتھ لے گئے۔ عمران خان کے روانہ ہوتے ہی وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ معاملے میں آرمی چیف کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے تھی۔ سیاستدانوں کے پاس وقت تھا۔ مسئلہ پہلے حل کر لیا جاتا تو بہتر تھا۔ سیاستدانوں کو اب اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہو گا۔ مجھے دھرنے میں مسلسل مسٹر ناراض کا خطاب دیا جا رہا ہے۔ اصل آزادی اس وقت ہو گی جب سیاستدان ملک کے فیصلے خود کریں گے۔ کاش! یہ مسئلہ ہم فوج سے نہ کراتے خود کرتے۔ آرمی چیف کی مداخلت سے پاکستان کی آزادی کا خواب ہم نے کھو دیا ہے۔
جاوید ہاشمی