پرنس عبداللہ بن سلطان، ایشین ہاکی فیڈریشن کے بلامقابلہ صدر منتخب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پرنس عبداﷲ ابن سلطان احمد شاہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ باقی عہدوں پر امیدواروں کے درمیان جوڑ 31 اگست کو ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں منعقد ہونے والے کانگرس اجلاس میں پڑے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپئن اختر رسول اے ایچ ایف کے نائب صدر جبکہ سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئن رانا مجاہد ایگزیکٹو ممبر کے عہدہ کے لئے الیکشن میں حصہ لینگے۔ اس سے قبل ان دونوں عہدوں پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اولمپئن قاسم ضیاء اور سیکرٹری اولمپئن آصف باجوہ منتخب ہوئے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ صدر اولمپئن اختر رسول، سیکرٹری اولمپئن رانا مجاہد، سابق صدر اولمپئن قاسم ضیاء جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لاہور سے ملائیشیا کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ سابق سیکرٹری آصف باجوہ آج روانہ ہونگے۔پاکستان کے دونوں عہدیداران کو سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔