عظیم انسان ڈاکٹر مجیدنظامی
ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم آسمان صحافت کے وہ روشن ستارے ہیں جن سے ایک عالم نے فیض پایا۔ سچے، کھرے، حق بات کہنے اور اس پر ڈٹ جانے والے، جرأتِ اظہار سے کوئی طاقت، کوئی لالچ، کوئی خوف انہیں روک نہ سکتا تھا۔ جن کی رگ رگ میں قوم و ملک کا درد سمایا ہوا تھا۔ تقریباً اٹھارہ سال پہلے کی بات ہے میرے کزن محمد حنیف رامے مرحوم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میرے گھر تشریف لائے اور والدہ محترمہ سے ملاقات کی اور دعائیں لے کر مجھ سے کہنے لگے بھائی خالد ایڈیٹر نوائے وقت مجید نظامی صاحب سے ملنے جا رہا ہوں تم بھی ساتھ چلو۔ جناب مجید نظامی سے ملنے کی دل میں تمنا تھی، میں جلدی سے تیار ہوا۔ نوائے وقت کے دفتر پہنچے تو جناب مجید نظامی صاحب نے اپنے کمرے میں بڑی خوشدلی سے ہمارا استقبال کیا۔ کھڑے ہو کر برادرم حنیف رامے سے ملے۔ برادرم رامے صاحب نے میرا تعارف کرایا کہ یہ میرے چچا چودھری برکت علی بانی ’’پنجاب بُک ڈپو‘‘ اور ماہنامہ ’’ادب لطیف‘‘ کے بیٹے محمد خالد چودھری ہیں۔ جناب نظامی صاحب بڑے خلوص سے ملے اور مجھ سے ہاتھ ملایا۔ پھر رامے صاحب اور مجید نظامی صاحب گفتگو کرنے لگے۔ تھوڑی دیر بعد جناب مجید نظامی صاحب فرمانے لگے۔ برادرم حمید نظامی صاحب مرحوم اور چودھری برکت علی صاحب بہت اچھے دوست تھے۔ مجھے بھی یاد ہے والد محترم چودھری برکت علی جناب حمید نظامی کی بڑی عزت کرتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ حمید نظامی صاحب ایک عظیم انسان ہیں۔ تحریک پاکستان میں ان دونوں حضرات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تحریک آزادی کے حوالے سے ہزاروں پوسٹر، پمفلٹ تخلیق کئے اور شائع کئے اور کسی قربانی سے دریغ نہ کیا۔ ڈاکٹر مجید نظامی صاحب نے روزنامہ نوائے وقت کے ذریعے پاکستان، صحافت اور ادب کی جو خدمت کی وہ سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔خدا تعالیٰ سے میری دلی دعا ہے کہ وہ نوائے وقت کو ہمیشہ ہرا بھرا رکھے اورجناب حمید نظامی، جناب مجید نظامی، محترم والد چودھری برکت علی اور برادرم حنیف رامے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین!