بے حیائی کے دھرنوں پر خاموش رہنا عذاب الٰہی کو دعوت دینا ہے: فضل الرحمن
ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) جے یو آئی (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد کے دھرنے میں بے حیائی کی نمائش ہے ہماری اسلامی تہذیب پر حملے ہورہے ہیں۔ یورپ میں ایسے دھرنوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسلامی ممالک میں نہیں پاکستان کے اسلامی تشخص کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان جیسے نظریاتی ممالک میں نہیں بے حیائی کے دھرنوں پر خاموش رہنا عذاب الٰہی کو دعوت دینا ہے۔ وہ ڈی آئی خان میں جے یو آئی (ف) کی ضلعی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم دو سال سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں تہذیبوں کی جنگ شروع ہے اور غیر ممالک کے نمائندوں نے یہ جنگ ہمارے ملک میں شروع کر رکھی ہے اب سارا گند سامنے آیا مذہبی حلقوں کو سمجھ آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں انتشار اور انارکی نہیں چاہتے ورنہ ہمارے دھرنے اسلام آباد کے موجودہ دھرنوں کو لپیٹ دیں گے۔ 31 اگست کو پشاور میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کارکن اور عوام بھرپور شرکت کر کے اسلام آباد دھرنوں کے خلاف اسلامی جذبات کا مظاہرہ کریں۔