• news

اشتعال انگیز بیانات، صنعتکار الیاس مجید نے افضل خان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ کیلئے درخواست دیدی

لاہور(نامہ نگار) تھانہ ریس کورس میں ایک صنعتکار نے سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان کے خلاف اشتعال انگیزبیانات دینے پر اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی ہے۔ تھانہ ریس کورس پولیس کے مطابق الیاس مجید شیخ نے درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا ہے وہ ایک صنعتکار ہے اور سابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس ہے، اس نے ایک نجی ٹی وی چینل پر محمد افضل خان کا بیان سنا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے ان کے اس بیان کی روشنی میں پاکستان میں اشتعال انگیزی پھیلی، انکے الزامات بے بنیاد ہیں جس کی تصدیق افضل خان خود بھی کر چکے ہیں، انکے پاس الیکشن میں دھاندلی کے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، انکے خلاف دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ ایس ایچ او تھانہ ریس کورس انسپکٹر میاں قدیر کا کہنا ہے کہ الیاس مجید شیخ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے درخواست کو لیگل برانچ میں بھجوا دیا گیا ہے، لیگل برانچ کی جانب سے رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائیگی۔
افضل خان/ مقدمہ درخواست

ای پیپر-دی نیشن