سراج الحق کو پھر فون : بحران مذاکرات سے حل کرانا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے : زرداری
شنگھائی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال پر مشاورت کیلئے ایک بار پھر فون پر رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام سیاستدانوں کو مل کر مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ آصف علی زرداری نے سراج الحق کو فون میں چیف آف آرمی سٹاف سے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کی ملاقات کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مسئلے کو سیاسی جماعتوں کو حل کرنا چاہئے انہیں ہی فیصلہ کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔ سیاسی انداز میں مسئلے کو پُرامن انداز میں حل ہونا چاہئے۔ موجودہ سیاسی بحران مذاکرات کے ذریعے حل کرانا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوموں کو انقلاب کے نام پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ قوموں کو تقسیم کرنے والے یہ لوگ نان سٹیٹ ایکٹرز ہیں، شنگھائی انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مذاکرات‘ مذاکرات اور صرف مذاکرات سے ہی سیاسی بحرانوں کو حل کیا اور موجودہ کشیدگی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ سیاست میں انتہائی حد تک چلے جانے پر یقین نہیں رکھتے۔ پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، سیاسی بحرانوں کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں‘ خواہش ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوجائیں۔ مذاکرات‘ مذاکرات اور صرف مذاکرات کے ذریعے ہی تمام سیاسی بحرانوں کو حل اور موجودہ کشیدگی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ سیاست میں انتہائی حد تک جانے پر یقین نہیں رکھتے ہیں، دھرنے میں بیٹھنے والے لوگوں نے دھاندلی کے باوجود نتائج کو قبول کیا۔پاکستان اور بھارت کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم پاکستان بھارت تعلقات کو گہری سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء پر پڑوسی ممالک کو افغانستان کا ساتھ دینا چاہئے۔ ملکی تازہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ ملک کو بحران سے جلدی نکالے، جو بھی ہو ملک کے لئے بہتر ہو۔ آصف علی زرداری ان دنوں چین کے دورے پر ہیں اور وہ آئندہ 48 گھنٹوں میں وطن واپس آئیں گے۔ ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ جو بھی ہو ملک کے مفاد میں ہو۔ ملک موجودہ حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک میں دھرنے جاری ہیں جس سے ملک کا نظام خراب ہو تا جا رہا ہے۔ انہوں نے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ جو بھی ملک کے لئے بہتر ہو موجودہ بحران کا حل نکلے۔ سابق صدر نے کہا کہ مذاکرات سے ہی موجودہ سیاسی بحران کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ سیاست میں انتہائی حد تک جانے پر یقین نہیں رکھتے، سیاسی مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
زرداری/ سراج الحق