مانسہرہ: کیپٹن صفدر کے والد سپرد خاک، وزیراعظم نوازشریف کی نماز جنازہ میں شرکت
مانسہرہ + لاہور + پشاور (نامہ نگار+آئی این پی+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم نوا زشریف کے سمدھی، رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کے والد محمد اسحاق کو جمعہ کی سہ پہر آبائی گائوں کھیوڑی میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ مرحوم گزشتہ روز شریف میڈیکل سٹی میں انتقال کر گئے تھے۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم، گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب، وفاقی وزراء سردار یوسف، اکرم درانی کے علاوہ بڑی تعداد میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ علاقہ بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کی نماز جنازہ میں شرکت کی وجہ سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کیپٹن صفدر کے والد اور وزیراعظم نواز شریف کے سمدھی محمد اسحاق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تعزیتی بیان میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کیپٹن صفدر کے والد کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لئے صبر اور مرحوم کے لئے بخشش کی دعا کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے بھی صفدر کے والد کی وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کیپٹن صفدر/ والد