مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جارہا ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپ کی پاکستان میں مداخلت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے، مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کیا جا رہا ہے، سیاست کے نام پر فحاشی و عریانی پھیلائی جارہی ہے۔ حکمران اور سیاستدان درپیش مسائل کے حل کیلئے قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کئے عہد پورے کریں، یہ لاالہ الااللہ کی جاگیر ملک ہے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ ملک میں اسلامی شریعت نافذ کی جائے۔ تعلیمی اداروں میں مخلوط ماحول اور فحاشی و عریانی پھیلنے کا عمل بند کیا جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ عباسی دور میں جب مسلمان فرقوں میں بٹ گئے، ان کی آپس کی لڑائیاں پروان چڑھیں اور وہ گروہوں میں تقسیم ہو گئے تو صلیبیوں نے مسلم ملکوں و معاشروں پر حملے شروع کئے اور بیت المقدس پر بھی قبضہ کر لیا۔ آج بھی صورتحال یہ ہے کہ پاکستان ہو یا کوئی اور مسلم ملک امریکہاور یورپ مسلمانوںکی معیشت و سیاست پر کنٹرول قائم کئے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کا سبب مسلمانوںکے باہمی لڑائی جھگڑے اور اختلافات ہیں۔ ملکوں و معاشروں میں جتنی نظاموں کی خرابیاں، سیاسی لڑائیاں اور معاشرتی ناہمواریاں ہیں ان کے پیچھے یہودی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں کسی طور پاکستان کو مضبوط و مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں۔ ان کا مقصد مسلمان ملکوں کا امن و امان بربادکرنا ہے۔ بہت مشکل سے مساجدومدارس، مارکیٹوں و بازاروںمیں بم دھماکوں اور تخریب کاری کا سلسلہ کنٹرول ہوا ہے تو اب مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
حافظ سعید